قیف : یوکرین کے صدر وولو ڈی مائر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کی فوجیں جن یوکرینی شہریوں کو اغوا کر کے جبراً اپنے ساتھ روس لے گئی ہیں ان میں دو لاکھ بچے بھی شامل ہیں۔ ان تمام اغوا شدگان کو روس لے جا کر پورے ملک میں منتشر کر دیا گیا۔ ان میں یتیم خانوں سے لیے گئے بچے بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں بے شمار بچوں کو ان کے والدین کے ساتھ اور متعدد ایسے بچوں کو جو اپنے والدین سے بچھڑ گئے ہیں جبراً روس لے جائے گئے بچوں میں شامل ہیں۔ زیلنسکی نے یوم اطفال کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے98روز کے دوران دو لاکھ بچوں کے اغوا ہوجانے کے علاوہ جنگ میں اب تک 243بچے ہلاک،446زخمی اور139لاپتہ ہیں۔
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ روسی فوجوں نے جن علاقں پر قبضہ کر رکھا ہے وہاں کی صورت حال کی اصل تصویر حکومت کو دستیاب نہیں ہے اس لیے ہلاک، زخمی اور لاپتہ بچوں کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔انہوں نے 11بچوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے ان کے نام بتائے اور یہ بھی بتایا کہ وہ کیسے ہلاک ہوئے۔
