نئی دہلی: ابھی پرانی دہلی کے عیدگاہ علاقہ میں فلمستان سنیما ہال کے قریب واقع اناج منڈی کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی میں43افراد کے ہلاک ہوجانے کی گونج تھمی بھی نہیں تھی کہ شمال مغربی دہلی کے کیراری سلیمان نگر المعروف کیراری کی ایک تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 9افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔

دہلی فائر سروسز کے مطابق پیر اور منگل کی دریان شب ساڑھے بارہ بجے باہری دہلی کے علاقہ کی اس تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی خبر ملتے ہی آگ بجھانے والی سات گاڑیاں روانہ کر دی گئی تھیں۔جنہوں نے چار گھنٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔فائر سروسز افسران نے یہ بھی کہا کہ آگ گراؤنڈ فلور پر، جسے کپڑوں کے گودام کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا، لگی۔

پولس نے بتایا کہ وہ اس امر کی تصدیق کر نے میں لگی ہے کہ آیا اس منزل کو چھوٹے پیمانے کی فیکٹری کے طورپر تو استعمال نہیں کیا جا رہا تھا۔فائر بریگیڈ کے عملہ نے مزید بتایا کہ وہ جب موقع پر پہنچے تو وہان انہیں تین جلی لاشیں ملیں۔ انہیں مزید 9افراد فیکٹری کے اندر پڑے دکھائی دیے جن کے جسموں پر جلنے کے زخم تھے اوربیہوش پڑے تھے۔ ان سب کو سنجے گاندھی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بعد ازاں ان میں سے مزید 6افراد چل بسے۔ باقی تین کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے۔ پولس نے ہلاک شدگان کی شناخت رام چندر جھا، سندری دیوی،سندھو جھا، اودے چودھری، مسکان ، انجلی ، آدرش اور تلسی کے طور پر کی ہے۔ایک خاتون کی شناخت نہیں کی جا سکی۔پولس نے بتایا کہ آگ گراؤنڈ فلور پر لگی تھی جو ایک ایل پی جی سلینڈر پھٹنے سے بھڑک اٹھی اور اس نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔علاوہ ازیں سلینڈر پھٹنے سے عمارت کی دیوار بھی ٹوٹ گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *