نئی دہلی: معروف کرکٹراورہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما امید سے ہیں جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام کے ذریعے کیا ہے۔
وراٹ کوہلی کا پیغام میں کہنا تھا کہ ”اور اب ہم تین ہونے جارہے ہیں، جنوری 2021 میں بچے کی آمد متوقع ہے“۔ وہیں انوشکا شرما نے بھی سوشل میڈیا پر اسی تصویر کے ساتھ یہی کیپشن لکھا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی نے ایک تصویر سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی۔
ورات کوہلی نے جو تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے اس میں انوشکا کالے رنگ کے لباس میں خوش نظر آ رہی ہیں، جبکہ ان کے عین پیچھے کھڑے وراٹ کوہلی بھی مسکراہٹ بکھیر رہے ہیں۔
تصویر میں انوشکا کا ’بے بی‘ بمپ صاف ظاہر ہو رہا ہے۔وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کے اس انکشاف کے بعد مشہور شخصیات انہیں مبارکباد پیش کر رہی ہیں۔ چند منٹوں میں ان کے انسٹاگرام پوسٹ کو کئی لاکھوں افراد نے پسند کیا ہے۔
ٹیم انڈیا کے تمام کھلاڑی اپنے کپتان کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں، جبکہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات انوشکا شرما کو مبارکباد دے رہی ہیں اور ان سے اپنا خیال رکھنے کے لئے بھی کہہ رہی ہیں۔
خیال رہے کہ وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما 11 دسمبر 2017 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
