سری نگر: گذشتہ چار روز کے اندر جنگ بندی کی تیسری بار خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی فو ج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں ہندوستانی فوج کا ایک جونیر افسر شہید ہو گیا۔
محکمہ دفاع کے ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستانی فوجیوں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی ۔
اس فائرنگ کی زد میں ہندوستانی فوج کا ایک جونیر کمیشنڈ افسر (جے او سی) آگیا اور شدید زخمی ہو گیا۔ اور جب تک اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا وہ بہت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث دم توڑ گیا۔
ہندوستانی فوج کے ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے راجوری ضلع کے کیری سیکٹر میں واقع محاذی چوکیوں پر یہ بلا اشتعال فائرنگ کی ۔ہندوستانی فوجیوں کی جانب سے بھی اس کا کرارا جواب دیا گیا۔جوابی کارروائی میں پاکستان کا بھی کافی جانی نقصان ہو۔ لیکن ابھی اس کے حوالے سے کوئی تفصیل موصول نہیں ہوئی ہے۔
واضح ہو کہ اتوار کو بھی پاکستانی فوج نے نوشیرا سیکٹر میں ہی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی جس میں ہندوستانی فوج کا ایک جونیر کمیشنڈ آفیسر (جے او سی) شہید ہو گیا تھا۔ پچھلے چار دنوں سے پاکستان کی طرف سے فائر بندی کی وقتاً فوقتاً خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ اس سے قبل دوشنبہ کو بھی پاکستانی فوج نے صبح 9بج کر 15منٹ پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی ۔
تاہم جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے نوشیرہ سیکٹر میں ایل او سی سے متصل علاقہ میں چھوٹے اسلحے سے فائرنگ کے ساتھ ساتھ مارٹروں سے زبردست گولہ باری میں ہندستانی فوج کا کوئی جانی اتلاف نہیں ہوا تھا۔ ہندوستان فوج نے بھی اس فائرنگ کا منھ توڑ جواب دیا۔