چنئی: تمل ناڈو کے کڈا لور میں آتش بازی کا سامان بنانے والے ایک کارخانے میں زبردست دھماکہ ہوا جس میں کم از کم9افاد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے پالس افسر پانڈیا کے حوالے سے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
پولس نے حادثہ کا سبب جاننے کے لیے اپنی تحقیقات بھی شروع کردی ۔ یہ دھماکہ اس قدر شدت کا تھا کہپوری عمارت زمیں بوس ہو گئی۔
یہ پٹاخہ فیکٹری صوبائی دارلخلافہ چنئی سے190کلو میٹر کی دوری پر واقع کوڈا لور ضلع کے کٹومنار کوائل میں تھی۔کوڈالور کے پولس سپرنٹنڈنٹ ایم سری ابھینو نے بھی 9افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں آتشبازی ایک بڑا اور نہایت منفعت بخش کاروبار ہے کیونکہ تہواروں پر ہی نہیں بلکہ شادی بیاہ کی تقریبات اور مختلف سماجی و سیاسی جشن و پروگراموں کے موقع پر آتشبازی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اور اب عنقریب دسہرہ دیوالی اور شادیوں کا سیزن آنے والا ہے جس میں آتشبازی کے سامان کی زبردست مانگ رہے گی۔
بہت سی آتشبازی فیکٹریوں میں کوئی حفاظتی بندوبست نہیں کیا جاتا۔گذشتہ سال ستمبر میں شمالی پنجاب کے شہر بٹالہ مین ایک پٹاخہ فیکٹری میں آتشزدگی کا سانحہ پیش آچکا ہے جس میں 22افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
