نئی دہلی: پاکستان کی مشہور اداکارہ عائزہ خان اپنے ڈرامے ‘میرے پاس تم ہو’ میں مہوش کا منفی کردار نبھا کر کافی مقبولیت حاصل کی ہے۔ویسے تو ‘میرے پاس تم ہو’ ڈرامے کو ختم ہوئے کئی روز گزر چکے ہیں، اس کے باوجود ڈرامے کے حوالے سے کوئی نہ کوئی تنازع آئے دن سامنے آتا رہتا ہے۔
خیال رہے کہ اس ڈرامے کہ ایک منظر میں مرکزی کردار دانش(ہیمایوں سعید) نے عائزہ کے کردار کو دو ٹکے کی لڑکی کہا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس ڈائیلاگ کو لےکر بھی ایک تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔
عائزہ خان نے اب تک سامنے آئے تنازعات کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم اب اداکارہ نے خاموشی توڑتے ہوئے ان کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے چند روز قبل عائزہ خان کو ایئرپورٹ پر دیکھا تھا، جہاں چند مرد اداکارہ کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کررہے تھے۔صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘میں ایئرپورٹ پر موجود تھا اور اتفاق سے عائزہ خان کو میں نے وہاں دیکھا، وہ بہت تیزی سے چل رہی تھی اور وہاں موجود مرد چیخ کر اداکارہ کو دو ٹکے کی عورت بلا رہے تھے، مجھے یہ دیکھ کر بےحد غصہ آیا’۔
اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی، جہاں چند افراد نے اداکارہ سے ہمدردی کی وہیں کچھ نے لکھا کہ اس قسم کے منفی کردار نبھانے کا یہی انجام ہوگا۔جس کے بعد عائزہ خان نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر لگائی ایک اسٹوری کے ذریعے بتایا کہ ان کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ‘مطلب کسی نے کہہ دیا اور پوری دنیا نے یقین کرلیا، کیا کوئی ویڈیو یا کوئی اور ثبوت موجود ہے؟’عائزہ خان کا کہنا تھا کہ ‘لوگ مجھ سے پاگلوں کی طرح محبت کرتے ہیں، میں اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، اتنی عزت اور پیار مجھے مہوش بن کر ملا ہے، لوگ اس کے بارے میں بات کیوں نہیں کرتے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘حقیقت یہ ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا، مجھے حیرانی ہے کہ بلاگرز اور ویب سائٹس مجھ سے پوچھے بغیر اس قسم کی خبریں کیوں شائع کررہی ہیں؟ یہ جھوٹی خبر ہے’۔عائزہ کے مطابق ‘میں ایک بات واضح کردوں، میں ایک اداکار ہوں، میں منفرد کردار نبھاتی ہوں اور میں مستقبل میں بھی ایسا کرتی رہوں گی، مجھے اپنے مداحوں سے بےحد پیار ملا ہے’۔انہوں نے واضح کیا کہ مہوش بننے کا انہیں بہت زیادہ فائدہ ہوا۔