نئی دہلی:کرونا وائرس کےخوف سے ہالی و وڈ کے مشہور و معروف اداکار ٹام کروز کی کامیاب فلم سیریز ‘مشن امپوسبل’ کی ساتویں فلم کی شوٹنگ ، جو اٹلی میں کی جانے والی تھی منسوخ کر دی گئی۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پیراماؤنٹ پکچرز اسٹوڈیو نے اس فلم کی اٹلی میں تین ہفتوں تک شوٹنگ کرنے کا ارادہ کیا تھا۔

وینس میں اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز پیر سے ہونا تھا تاہمکرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر شوٹنگ روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پروڈکشن کمپنی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ فلم کی ٹیم کی بہتری کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا، شوٹنگ کے آغاز سے قبل عملے کو واپس بھیجا جارہا ہے۔

البتہ دوبارہ شوٹنگ کرنے کے حوالے سے اپنے بیان میں اب تک کچھ نہیں بتایا گیا۔واضح رہے کہ اٹلی میں 200 سے زائد افراد کرونا وائرس کی بیماری سے متاثر ہیں۔

خیال رہے کہ ایکشن تھرلر اور خطرناک اسٹنٹ سے بھرپور فلم ‘مشن امپوسبل 7’ کو رواں سال جولائی میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا جبکہ اس سیریز کی 8ویں فلم سال 2022 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔

اس سیریز کی پہلی فلم مشن امپاسیبل کے نام سے 1996 میں آئی تھی، دوسری چار سال بعد سال 2000، تیسری 2006، چوتھی 2011، پانچویں فلم 2015 میں اور چھٹی فلم 2018 میں ‘مشن امپاسیبل: فال آؤٹ’ کے نام سے ریلیز کی گئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *