ممبئی: (اے یو ایس)مہاراشٹر میں بارش اور سیلاب نے زبردست تباہی مچائی ہے۔ موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ریاست کے مختلف اضلاع میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر89ہو گئی۔ناگپور ضلع کے نندا گومکھ گاو¿ں سے گذر رہے طغیانی پر آئی سونیر ندی میں ایک کار بہہ گئی جس میں سوار تین افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے ۔ ریاست کے ہی پالگھاٹ ضلع کے وسائی قصبہ میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک شخص ہلاک اور اس کے کنبہ کے دو افراد زخمی ہو گئے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر کے 6 اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ناسک اور ناگپور میں سب سے زیادہ بتاہی نظر آ رہی ہے۔ ندیاں اپھان پر ہیں اور سیلاب میں عمارتیں اور گاڑیاں ڈوب گئی ہیں۔ادھر، گڑھ چرولی اور اکولا میں بھی سیلاب نے تباہی مچانا شروع کر دی ہے۔ لوگوں کے گھروں میں بھی پانی بھر گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے گڑھ چرولی میں سیلاب کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے لوگوں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اکولا میں ندیوں کے بہہ جانے کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ سیلاب کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات نے پالگھر، ناسک، رائے گڑھ، پونے، ستارا اور کولہاپور میں شدید بارش کے امکان کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
فی الحال انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ناسک شہر میں گزشتہ چند دنوں سے جاری شدید بارش کی وجہ سے منگل کو اسکول اور کالج بند رہے۔ لوگوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کو کہا گیا ہے۔ناسک شہر میں منگل کی صبح 8.30 بجے تک 24 گھنٹوں میں 97.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ تاہم بعد میں بارش کچھ دیر کے لیے رک گئی جس سے لوگوں کو راحت ملی۔ اس سے پہلے پیر کو ضلع کے سپت شرنگی مندر کے قریب بہت تیز بارش ہوئی۔ مندر کی سیڑھیوں پر پانی بھر جانے کی وجہ سے چھ عقیدت مندوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔
