نئی دہلی: موذی کورونا وائرس سے کمسن بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام سرکاری ، غیر سرکاری، نجی، حکومتی امداد سے چلنے والے تمام پرائمری اسکول ہی31مارچ تک بند کرنے کا حکم جاری ہوا تھا کہ اس مہلک مرض کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمگیر وبا ڈکلیر کردیے جانے کے بعد عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجری وال کی قیادت والی دہلی حکومت نے اب دہلی کے تمام اسکولوں، کالجوں اور یہاں تک کہ سنیما گھربھی31مارچ تک بند کرنے کے احکام جاری کر دیے۔
البتہ جن اسکولوں اور سینٹروں میں سینٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے امتحانات ہو رہے ہیں وہ حسب معمول کھلے رہیں گے۔
دہلی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے قانون وبائی مرض کا نفاذ کر دیا۔وزارت صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کے پوزیٹیو کیسز مجموعی طور پر 73پائے گئے جن میں سے تین صحت یاب ہو نے کے بعدڈسچارج کر دیے گئے۔
قبل؛ ازیں بدھ کی شب حکومت ہند نے سبھی کے لیے ویزا بند کر کے باہر کی دنیا پر ہندوستان کے دروازے عارضی طور پر بند کر دیے۔جس سے ہوا بازی کی صنعت بہت متاثر ہوئی کیونکہ متعدد ایر لائنز کو اپنی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔