نئی دہلی: چین کے ووہان شہرسے پوری دنیا پر حملہ کرنے والا ہلاکت خیز کورونا وائرس نے جہاں ایک طرف بلا تخصیص عوام کو اپنے نام سے موسوم مرض اور موت کا باعث بناوہیں تاجروں اور صنعتکاروں کو جھٹکے دے کر بری طرح مایوس کرنے کے بعدکھیل شوقینوں کو حد درجہ مایوس اور بے مزہ کر دیا۔
ابھی اٹلی سمیت کئی ممالک میں فٹبال مقابلے خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا حکم جاری کر کے فٹبال کے رسیاو¿ں کومایوس کیا ہی گیا تھا کہ کرکٹ شوقینوں کو بھی اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب حکومت ہند نے اعلان کیا کہ ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے ہندوستان کے دورے پر آنے والی جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ کرکٹ سریز کے تمام میچز خالی اسٹیڈیم میں منعقد کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔
اس ضمن میں حکومت نے ان تمام صوبائی حکومتوں کو جن کے شہروں میں ہند جنوبی افریقہ ون ڈے انٹرنیشنلز ہونے ہیں ،ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر اس امر کو یقینی بنائیں کہ میچ دیکھنے کے واسطے اسٹیڈیم میں بھیڑ نہ جمع ہونے دی جائے۔
ظاہر ہے کہ جب اس ہدایت پر عمل آوی ہوگی تو متعلقہ کرکٹ ایسوسی ایشن کو زبردست مالی خسارہ ہوگا کیونکہ نہ اسے اشتہارات کی آمدنی ہوگی نہ گیٹ منی ہی خاطر خواہ مل سکے گی۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کی گورننگ کونسل کے چیرمین برجیش پٹیل نے کہا کہ کونسل کا اجلاس ہفتہ کو ہوگا جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو ویزا جاری کرنے اور خالی اسٹیڈیموں میں میچز کرانے کے امکانات سمیت ٹورنامنٹ سے متعلق تمام امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔واضح ہو کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کو روکنے کے پیش نظر کسی غیر ملکی کو 15اپریل تک ہندوستان کا ویزا نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔