نئی دہلی: پاکستا نی ٹیلی ویزن انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکار فیروز خان نے بھی گلوکارہ رابی پیرزادہ او ر حمزہ علی عباسی جیسے اداکاروں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شوبز انڈسٹری چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے یہ خبریں میڈیا میں گردش کر رہی تھیں کہ فیروز خان نے شوبز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا اور وہ جلد ہی اس حوالے سے اعلان بھی کریں گے۔ یہ خبریں اس وقت گردش کرنے لگی تھیں جب کہ چند ہفتے قبل فیروز خان نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ غیرفعال کردیا تھا، جس پر ان کے مداحوں نے پریشانی کا اظہار بھی کیا تھا۔
اور اب انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے شوبز چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی زندگی کا مقصد مذہب کی تعلیم پھیلانا ہے۔فیروز خان نے مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ انہوں نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے اور اب وہ مذکورہ پلیٹ فارم کو مذہبی تعلیمات کے پھیلاؤ کے لیے استعمال کریں گے۔
انہوں نے لکھا کہ انہیں معلوم ہے کہ مداح ان کے جواب کے منتظر تھے اور اب وہ مداحوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ان کے لیے دعا کریں۔فیروز خان نے 2014 کے بعد ایکٹنگ شروعکی اور اب تک کم و بیش ایک درجن ڈراموں میں کام کیا، ان کے مقبول ڈراموں میں ’گل رعنا، چپ رہو، تم سے مل کے، وہ ایک پل اور دل کیا کرے‘ شامل ہیں۔
فیروز خان نے ’زندگی کتنی حسین ہے‘ اور ’ٹچ بٹن‘ جیسی فلموں میں کام بھی کیا ہے، ان کی فلم ’ٹچ بٹن‘ رواں سال ریلیز ہونے کا امکان ہے۔