کیف:(اے یوایس)یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کے سبب فٹبال کی عالمی تنظیم ”فیفا“نے اعلان کیا ہے کہ وہ روس میں کوئی بین الاقوامی میچ منعقد نہیں کرائے گی۔ اسی طرح بیرون ملک میچوں میں شرکت کے موقع پر روسی ٹیم کو اپنے ملک کا پرچم لہرانے یا قومی ترانہ گا نے یا اس کی دھن بجانے کی اجازت نہیں ہو گی۔اتوار کے روز فیفا نے مزید اعلان کیا کہ روس کی قومی ٹیم آئندہ میچوں میں روس کے نام سے نہیں بلکہ روسی فٹبال فیڈریشن کے نام سے شریک ہو سکے گی۔ اسی طرح روس کے میچ غیر جانب دار میدانوں میں کرائے جائیں گے اور ان میں تماشائیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
فیفا نے باور کرایا کہ وہ روس کے خلاف اضافی پابندیوں کے اقدام کا حق رکھتی ہے۔ ان میں بین الاقوامی مقابلوں سے ممکنہ بے دخلی شامل ہے۔ادھر انگلش فٹبال فیڈریشن کے اتوار کے روز اعلان کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم مستقبل قریب میں روس کے خلاف کسی بھی سطح پر کوئی فٹبال میچ نہیں کھیلے گی۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ یوکرین پر حملے کے بعد روسی قیادت کی جانب سے شرمناک کارروائیوں کی شدید مذمت کے طور پر سامنے آیا ہے۔یاد رہے کہ روس نے رواں ماہ 24 فروری کو علی الصباح یوکرین کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔ یہ کارروائی جمعہ کے روز کچھ دورانیے کے لیے موقوف ہوئی تھی۔ اس کے بعد پھر سے تمام سمتوں سے شروع کر دی گئی۔
