کراچی: سنگین غداری کیس میں ایک خصوصی عدالت سے موت کی سزا سنائے جانے کے ایک روز بعدسابق فوجی حکمراں ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے ملک کے تئیں ان کی خدمات کا اعتراف کرنے پر پاکستان کی مسلح افواج اور عوام سے اظہار تشکر کیا۔
ایک ویڈیو میں جس میں انہیں ایک اسپتال میں بستر علالت پر دراز دکھایا گیا ہے،مسٹر مشرف نے کہا کہ وہ اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔انہوں نے بہت ہی کمزور آواز میں کہا ”مجھے پاکستان کی عدلیہ میں پورا یقین ہے کہ وہ مجھے انصاف دلائے گی اور قانون کی بالا دستی برقرار رکھے گی۔
تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیا وہ خصوصی عدالت کے فیصلہ کو چیلنج کرنے کے لیے پاکستان واپس آئیں گے۔منگل کو سنائے گئے فیصلے کے بعد انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے ایک بیان جاری کر کے کہا تھا” پاکستان کی مسلح افواج کے ہر چھوٹے بڑے افسر و اہلکار کو اس فیصلہ سے شدید قسم کی ذہنی و قلبی تکلیف پہنچی ہے، اور ایک فوجی سربراہ، چیرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور صدر پاکستان ،جس نے 40سال تک ملک کی خدمت کی ہو اور ملک کے دفع میں جنگیں لڑیہوں کبھی بھی ایک غدار نہیں ہو سکتا“۔
مسٹر مشرف نے کہا کہ انہیں اپنے خلاف عدالت کے فیصلہ کی خبر ٹیلی ویژن کے معرفت ملی۔انہوں نے اس پر اظہار تاسف کیا کہ یہ ایسا فیصلہ ہے جس میں مدعا علیہہ کو اور نہ ہے اس کے وکیل کو صفائی کا کوئی موقع دیا گیا۔