نئی دہلی:جیو ٹی وی چینل نے پاکستان کے مشہور ڈراما نویس خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔چینل کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا ‘جیو انٹرٹینمنٹ اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ 4 ڈراما سیریلز اور ایک فلم کے اسکرپٹ کا معاہدہ معطل کردیا ہے’۔

ٹوئٹ میں بتایا گیا ‘یہ معاہدہ اس وقت تک معطل رہے گا جب تک قمر 3 مارچ کی شب نجی ٹی وی جیو‘ کے پروگرام ’آج عائشہ احتشام کے ساتھ‘ عورت مارچ پر بحث کے دوران معروف خاتون سماجی رہنما ماروی سرمد کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر معذرت نہیں کرلیتے، یہ معاہدہ خصوصی نہیں، بلکہ ویسا ہے جیسا خلیل الرحمٰن قمر نے متعدد ٹی وی چینلز کے ساتھ کررکھا ہے’۔

ماروی سرمد کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال کرنے پر انہیں خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیاتھا۔خلیل الرحمٰن قمر نے براہ راست پروگرام میں بات کرتے ہوئے ماروی سرمد کو ’گھٹیا عورت‘ کہنے سمیت ان کے خلاف انتہائی نامناسب زبان استعمال کی تھی اور انہیں ’جسم کے طعنے‘ بھی دیے تھے۔ماروی سرمد کے خلاف ایسی زبان استعمال کیے جانے پر کئی سیاستدانوں، اداکاروں، سماجی رہنما اور دیگر افراد نے بھی خلیل الرحمٰن قمر کے رویے کی مذمت کی اور سوشل میڈیا پر مہم چلائی کہ ڈراما نویس کا بائیکاٹ کیا جائے اور انہیں کسی پروگرام میں نہ بلایا جائے۔

جیو ٹی وی نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ جیو نیٹ ورک خیالات کے تبادلے اور جیو اور جینے دو کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے، ہمارا اس بات میں یقین ہے کہ ہر ایک کو اپنے خیالات کے اظہار کا حق ہے اور صحت مند بحث کے کلچر کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، تاہم اس طرح کی بحث تہذیب کے دائرے اور ایک دوسرے کے احترام کو مدنظر رکھ کی جانی چاہیے۔ٹوئٹ میں مزید کہا گیا ‘خلیل الرحمٰن قمر نے نہ صرف ایک خاتون کے خلاف خراب زبان استعمال کی بلکہ اپنی غلطی کو تسلیم کرنے اور معذرت سے بھی انکار کردیا۔

یہی وجہ ہے کہ جیو انٹرٹینمنٹ نے ان کے ساتھ اپنا معاہدہ معطل کردیا ہے، ادارہ ہمیشہ سے سوچنے اور بحث کے ماحول کی تشکیل کا مقصد رکھتا ہے، چاہے اس میں ادارے پر ہی تنقید کیوں نہ ہو’۔خیال رہے کہ 4 مارچ کی شب خلیل الرحمٰن قمر کو نجی ٹی وی ’ایکسپریس‘ نے اپنے پروگرام ’ٹو دی پوائنٹ ود منصور علی خان‘ میں بلایا، جہاں ٹی وی میزبان نے ڈراما نویس کی ذاتی سوچ پر بھی اختلاف کیا۔

پروگرام کے میزبان منصور علی خان کے رویے سے بھی کئی افراد نے اختلاف کیا۔پروگرام میں خلیل الرحمٰن قمر نے بھی میزبان کو جانبداری پر تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں یاد دلایا کہ وہ کسی کی طرفداری کرنے کے بجائے غیر جانبدار رہ کر ان سے سوالات کریں اور ان کی ذاتی رائے کا احترام کریں، نہ کہ ان کی ذاتی رائے سے اختلاف کرکے ان پر اپنی مرضی تھونپیں۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے ڈراما نویس نے ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان استعمال کیے جانے کے معاملے پر بات کی اور کہا کہ انہوں نے خاتون رہنما کو اپنا بدلہ لینے کے لیے ’گالی دی‘۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *