نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس وبا سنگین صورت حال اختیار کرتی جارہی ہے اور گذشتہ24گھنٹے کے دوران مزید62ہزار 538مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس سے ملک میں کوویڈ 19-کیسوں کی تعداد 20لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
اس تعداد کے بعد ہندوستان امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرا ایسا ملک ہو گیا ہے جہاں20لاکھ سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ24گھنٹے کے دوران 889اموات ہوئیں ۔ جمعہ کی صبح تک یہ تعداد 20لاکھ 27ہزار74ہو گئی ۔جس میں سے 13لاکھ 78ہزار105افرراد صحتیاب ہو گئے۔ جبکہ فعال کیسز 6لاکھ 7ہزار384ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں اس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد میں کس قدر تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ ا س مرض میں مبتلا افراد کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے میں110روز لگے جبکہ اگلے59رو ز میں یہ تعداد 10لاکھ پار کر گئی اور اگلے20روز میں20لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
یہ لگاتار نواں دن ہے کہ کوویڈ 19-کیسوں کی تعداد یومیہ 50ہزار سے زائد ہو رہی ہے اور جمعرات کو تو یہ ریکارڈ بھی اس وقت ٹوٹ گیا جب پہلی بار ایک روز زمیں 60ہزار سے زائد افراد میں کوویڈ19-کی تشخیص کی گئی۔
مجموعی طور پر اس مرض میں مبتلا ہو کرہندوستان میں جمعہ کی صبح تک41ہار585 اموات ہو چکی ہیں۔ ہندوستان میں اس مرض میں مبتلا لوگوں کے صحتیاب ہونے کی شرح67.98فیصد ہے جبکہ پوزیٹیو شرح 10.88فیصد ہے۔