نئی دہلی: اجودھیا کے اس مقام پر جہاں پہلے بابری مسجد تھی رام مندر کا سنگ بنیاد رکھنے کی پاکستان کی جانب سے مذمت کیے جانے کے ایک روز بعد ہندوستان نے پاکستان سے کہا کہ وہ ہندوستان کے داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہے اور فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی سے اجتناب برتے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستو نے کہا کہ ہم نے ہندوستان کے ایک اندرونی معاملہ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ذریعہ اشاعت کے لیے جاری ایک بیان دیکھا ہے۔ اگرچہ ایک ایسے ملک کی جانب سے جو سرحد پار سے دہشت گردی پھیلانے میں لگا ہے اور خود اپنی اقلیتوں کے مذہبی حقوق سلب کیے بیٹھا ہے اس قسم کا موقف اختیار کرنا حیران کن نہیں ہے تاہم اس قسم کے تبصرے و ریمارکس بلا شبہ سخت افسوسناک ہیں۔
پاکستان نے بدھ کے روز بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کا سنگ بنیاد رکھنے پر تنقید کی تھی۔پاکستان کے خارجہ دفتر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہندوستانی سپریم کورٹ کے ناقص فیصلے سے نہ صرف رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار ہو گئی تھی بلکہ وہ فیصلہ انصاف پر عقیدے کو زیادہ اہمیت دینے کی عکاسی کرتا ہے۔
خارجہ ترجمان نے مزید کہا تھا کہ کوویڈ 19-وبا کے درمیان بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر میں عجلت اور کئی دیگر معاملات اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ کس طرح ہندوستان میں مسلمانوں کو کمتر اور غیر اہم سمجھا جاتا ہے۔