نئی دہلی: پاکستان میں واقع دہشت گرد تنظیم جیش محمد ایک بار پھر ہندوستان میں پٹھانکوٹ ایئربیس جیسے حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس بار دہشت گردوں کے نشانے پر راجستھان کے فوجی ٹھکانے ہیں۔ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق ، پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اس سازش میں دہشت گردوں کی مدد کر رہی ہے۔
سکیورٹی اداروں کے مطابق ، آئی ایس آئی نے اس حملے کی ذمہ داری دہلی میں مقیم اپنے ایک مولانا کو سونپی ہے۔
انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق جس مولانا کو ہندوستان میں حملے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی ، وہ افغانستان میں بھی جیش محمد کے لئے آپریشن سنبھال چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق جیش محمد کے دہشت گرد اس حملے کو اس ماہ کے آخر تک انجام دے سکتے ہیں۔
خفیہ رپورٹ کے مطابق دہشت گرد راجستھان میں فضائیہ کے اڈوں کو نشانہ بناسکتے ہیں۔واضح رہے کہ 2 جنوری 2016 کو پٹھانکوٹ ائیربیس پر دہشت گردوں کے حملے کو 5 سال مکمل ہونے کو ہیں۔ جنوری 2016 میں پٹھان کوٹ میں چار دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ اس میں سات فوجی شہید ہوئے ، جبکہ ایک شہری بھی ان کا شکار بن گیا تھا۔
چاروں دہشت گردوں کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا تھا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج جب پوری دنیا کوویڈ19-کے خلاف نبرد آزما ہے پاکستان میں دہشت گرد گروپ اور ان کے آقا ہندستان میں دہشت گردانہ حملوں کے لیے دہشت گردوں کی بھرتیاں کر رہے ہیں۔
