نئی دہلی:نوجوان بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے غم سے لوگ ابھی ابھرے بھی نہیں تھے کہ ایک بار پھر سنیما شائقین کے لئے افسوسناک خبر سامنے آ ئی ہے۔
میڈیا خبروں کے مطابق مراٹھی سنیما کے معروف اداکار آشوتوش بھاکرے نے خودکشی کر لی ہے۔ وہ 32 سال کے تھے۔ ان کے انتقال کی اطلاع ملنے کے بعد پورا مراٹھی سنیما صدمے میں ہے۔ اداکار آشوتوش بھاکرے مراٹھی سنیما کی نامور اداکارہ میوری دیشمکھ کے شوہر تھے۔
خبروں کے مطابق اداکار آشوتوش بھاکرے نے مہاراشٹر کے ناندیڑ میں واقع اپنے گھر پر 29 جولائی کو پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ کن وجوہات سے انہوں نے یہ قدم اٹھایا، یہ ابھی تک واضح نہیں ہو پایا ہے۔ ٹائمس آف انڈیا کی خبر کے مطابق، معاملہ 29 جولائی کی دوپہر تقریبا 1.30 بجے کا ہے۔
پولیس نے فی الحال معاملے میں حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی ہے۔ پولیس نے آشوتوش کے والد کا بیان درج کر لیا ہے اور جو کچھ بھی ہوا اس کے لئے انہوں نے کسی کو مجرم نہیں ٹھہرایا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ فی الحال گھر کے دیگر ارکان سے ابھی بات نہیں ہو پائی ہے، کیونکہ وہ ابھی گہرے دکھ میں ہیں۔
آشوتوش نے 2016 میں اداکارہ میوری دیشمکھ سے شادی کی تھی۔ فی الحال لاک ڈاٰؤن کے سبب دونوں ناندیڑ واقع اپنے گھر پر رہ رہے تھے۔
آشوتوش اور میوری کے قریبی لوگوں نے کہا ہے کہ ان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں تھا۔ اس کے باوجود آشوتوش نے خودکشی کیوں کی ہنوز معمہ بنا ہوا ہے۔