نئی دہلی: مشہور ٹی وی سیریل ’کہیں دیپ جلے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی پاکستان کی نامور اداکارہ نازش جہانگیر نے حال ہی میں طویل عرصے سے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے حوالے سے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے مداحوں کو اپنی بیماری سے متعلق بتایا ہے ۔
نازش جہانگیر نے سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ لکھی جس میں ا نہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’ 10 سال سے وہ ڈپریشن میں مبتلا ہیں، بہت سے لوگ یہ بات نہیں جانتے کہ ’پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر‘ کا علاج نا کرنے سے اس کے تباہ کن اثرات ہوسکتے ہیں۔
اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ یہ بیماری نہ صرف آپ کے گھر والوں اور دوستوں سے تعلقات کو متاثر کرتی ہے بلکہ یہ آپ کو جذباتی مسائل اور صحت سے متعلق مسئلوں میں بھی مبتلا کردیتی ہے۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے ذریعے سب کو پیغام دیا کہ ایسا کوئی بھی فارمولا نہیں ہے جو اچانک آپ کو خوف سے نکال کر ٹھیک کر دے، صبر کریں، اپنے سفر کو ہی مرہم بننے دیں ۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ روزانہ عبادت کرتی ہیں۔واضح رہے کہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2015 میں کیا۔
نازش جہانگیر پر اداکار محسن عباس حیدر کی سابق اہلیہ کی جانب سے الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ ان کے محسن کے ساتھ تعلقات ہیں جس پر دونوں کی جانب سے تردید کی گئی تھی کہ یہ الزامات چھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔