اسلام آباد:(اے یوایس ) پاکستان کے مختلف شہروں میں عالمی وباکورونا وائرس کے مزید111مریض انتقال کر گئے۔جوکہ گذشتہ چھ ماہ کے دوران اس مرض میں مبتلا ہو کر ایک روز میں انتقال کرجانے والی یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
گذشتہ24گھنٹے کے دوران 111افراد کے انتقال کرجانے سے ملک گیر پیمانے پر سے انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد 9668 ہو گئی۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے مزید 2142 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اب تک ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار 70 تک پہنچ گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی اوسی)کی جانب سے بدھ کے روز ملک میں کرونا وائرس کے حوالہ سے جاری تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں 4 لاکھ 15ہزار 352 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے۔ اس وقت ملک میں کرونا وائرس کے2419 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اس وقت ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 38268 تک پہنچ گئی۔ صوبہ سندھ ملک بھر میں کل رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز، شفایاب ہونے والے مریضوں اور فعال کیسز کے اعتبار سے پہلے نمبر پر ہے جبکہ صوبہ پنجاب دوسرے نمبر پر ہے۔
کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کے اعتبار سے صوبہ پنجاب ملک بھر میں پہلے جبکہ صوبہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کرونا وائرس کے فعال کیسز کے اعتبار سے ملک بھر میں تیسرے نمبر پرہے۔ملک میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح دو فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 90 فیصد تک پہنچ گئی۔