اسلام آباد: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس دعوے پر کہ اگر پاکستان نے ہندوستان سے جنگ کی تو ہندوستانی فوج ہفتہ دس روزکے اندر پاکستان کو دھول چٹا دے گی شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستان نے ہندوستان سے کہا ہے کہ وہ پاکستانی فوج کو کم نہ آنکے اور اس مختصر فضائی جنگ کی یاد دلائی جس میں ایک ہندوستانی پائلٹ گرفتار کیاگیا تھا۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لفظی جنگ بتدریج بڑھتی جارہی ہے اور حال ہی میں ان دو ایٹمی ملکوں نے ایک دوسرے کی افواج کی طقت پر طنز و تشنیع شروع کر دی۔لفظی جنگ کا یہ نیا انداز منگل کے روز اس وقت سے شروع ہوا جب نریندر مودی نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی تین جنگیں ہار چکا ہے اور اب اگر اس نے جنگ کی تو ہندوستانی فوج سات سے دس روز میں اسے دھول چاٹنے پر مجبور کر دے گی۔
پاکستان کی خارجہ دفتر کی ترجمان عائشہ فاروقی نے مودی کے دعوے کو خارج کر دیا اور کہا کہ اس سے ہندوستان کی جنگ پسندی کی بو آرہی ہے اور ہندوستان خود علاقائی امن و سلامتی کے لیے ایک خطرہ ہے۔
عائشہ نے مزید کہا کہ گذشتہ سال فروری میں ہندوستان اور پاکستان کے جنگی طیاروں کے درمیان مختصر جھڑپ میں پاکستانی فوج نے ثابت کر دیا کہ وہ کیسی زبردست جوابی کارروائی کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم کا یہ بیان مضحکہ خیز اور اس حقیقت کے برعکس ہے جس میں گزشتہ سال فروری میں فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان نے دو ہندوستانی جنگی طیارے مار گرائے تھے اور ابھی نندن نام کے ایک ہندوستانی پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ مودی کے ریمارکس پاکستان کے خلاف ہندوستان کے لا علاج جنون اور وہم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہندوستانی وزیر اعظم کی دھمکیاں اور اشتعال انگیز بیانات بی جے پی کی قیادت کی انتہاپسندانہ ذہنیت کی جو ہندوستان کے سرکاری اداروں میں سرایت کر گئی ہے مزید تشریح کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت ملک کے داخلی حالات (سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ملک گیر پیمانے پر احتجاج کی لہر)اور ان معاملات پر بین الاقوامی تنقیدسے توجہ بھٹکانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔