نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے دہلی کے فلمستان علاقہ میں واقع اسکولی بیگ فیکٹری میں آتشزدگی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کو دو لاکھ رووپے اور زخمیوں کو 50ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔
انہوں نے ہلاک شدگان کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے غم میں خود کو برابر کا شریک بتایا ۔ انہوں نے ٹوئیٹر کے توسط سے اپنے اس پیغام میں یہ بھی کہا کہ وہ ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔نہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن تعاون بہم پہنچایا جائے۔
وزیر اعلیٰ دلی اروند کیجری وال نے جائے وقعہ پہنچ کر حالات اور بچاؤ کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کر کے ان کی دلجوئی کی اور ہلاک شدگان کے لواحقین کو 10لاکھ روپے زر تلافی اور زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے امدادکا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے سانحہ کی مجسٹریٹی تحقیقات کے احکام جاری کر دیے ہیں۔دہلی کے وزیر خوراک و شہری رسد عمران حسین نے بھی کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے گی اور جو بھی اس کا ذمہ دار پایا جائے گا سے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا وزارت داخلہ نے سانحہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے حادثہ کو نہایت اندوہناک سانحہ بتایا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہر ممکن مدد بہم پہنچائی جائے۔
امیت شاہ نے اپنے پیغام تعزیت میں کہا کہ میں ہلاک شدگان کے پسماندگان سے اظہار تعزیت و ہمدردی کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد رو بصحت ہونے کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔