Rajastha:9 including groom killed as car falls into Chambal riverتصویر سوشل میڈیا

جے پور :(اے یوایس) راجستھان کے کوٹا میں ایک بڑا اور دردناک حادثہ پیش آیا جس میں شادی سے چند گھنٹے قبل دولہا سمیت 9 افراد کی موت ہوگئی۔ یہ تمام لوگ شادی کے لیے راجستھان سے مدھیہ پردیش جا رہے تھے کہ کوٹہ کے نیاپورہ تھانہ علاقے میں باراتیوں کی گاڑی چمبل ندی میں گر گئی۔ راجستھان حکومت نے متاثرین کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے اور ان لوگوں کے لیے 5 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے جن کے گھر میں دو سے زیادہ افراد کی موت ہوئی ہے۔

لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ کار حادثہ اس وقت پیش آیا جب ان کا ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور راجستھان کے کوٹا ضلع میں ایک ندی میں گر گیا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ تمام کار سوار شادی کے لیے سوائی مادھوپور میں چوتھ کا برود سے مدھیہ پردیش کے شہر اجین جا رہے تھے۔لوور برج آمدو رفت کے لیے بند تھا لیکن کار ڈرائیور کو کنفیوژن ہو گیا او راس نے اصل پل کے بجائے چھوٹے پل پر کار ڈال دی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو صبح ساڑھے سات بجے واقعہ کی اطلاع ملی، جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

کوٹہ کے ایس پی نے بتایا کہ ’نیند کی وجہ سے ڈرائیور نے کار پر سے کنٹرول کھو دیا اور حادثہ پیش آیا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے، انہوں نے کہا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔ریاست کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ دولہے سمیت نو شادی کے باراتیوں کی چمبل ندی میں کار گرنے سے موت انتہائی افسوسناک اور بدقسمتی ہے۔ کلکٹر سے بات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ میری گہری ہمدردیاں متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ خدا ان کو یہ دکھ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ میں مرحوم کی روح کے سکون کے لیے دعا کرتا ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *