نئی دہلی: ہندی سنیما کی مشہوررقاصہ اور اپنے فن میں ماہر کوریوگرافر سروج خان کا جمعرات کی دیر رات ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی موت کی وجہ حرکت قلب بند ہونا بتایا جارہا ہے۔
دراصل انہیں سانس میں دشواری کی شکایت کے بعد 20 جون کو باندرا کے گورو نانک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور وہ آئی سی یو میں تھیں۔
خبروں کے مطابق اسپتال میں بغرض علاج داخل کیے جانے کے بعد سروج خان کی لازمی کووڈ-19 جانچ بھی کی گئی جس میں انفیکشن کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
سروج خان 22 نومبر 1948 کو ممبئی میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کا اصلی نام نرملا ناگپال تھا۔ انہوں نے 200 سے زیادہ فلموں کے لئے کوریوگرافی کی۔ سروج پہلی اسسٹنٹ کوریوگرافر تھیں لیکن وہ 1974 میں بننے والی فلم گیتا میرا نام سے کوریوگرافر بن گئیں۔
سروج خان نے 1986 سے لے کر 2019 تک سینکڑوں بالی ووڈ فلموں میں گانوں کی کوریوگرافی کی۔ سروج خان ’چولی کے پیچھے کیا ہے‘ جیسے بہت سے سپر ہٹ اور مشہور گانوں پر رقص کی وجہ سے ہٹ ہوگئیں تھیں، سروج خان نے بہت سی ہٹ فلموں کے گانوں کوریوگرافی کی جن میں ’تیزاب، کھلنائیک، مسٹر انڈیا، چالباز، نگینہ، چاندنی، ہم دل دے چکے صنم، دیوداس‘ شامل ہیں۔
سروج خان کو 2002 میں فلم ’گرو‘ کے لئے فلم فیئر ایوارڈ ، اسی سال فلم ’دیوداس‘ کے لئے فلم فیئر ایوارڈ اور فلم ‘لگان’ کے لیئے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اس کے علاوہ 2007 می فلم ’جب وی میٹ‘ کے لئے بہترین کوریوگرافر کا قومی فلم ایوارڈ بھی دیا گیا۔
