دوبئی: ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب نے ایک ایرانی وفد کو تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی )کے جدہ میں ہونے والے اجلاس میںجس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ امن منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا،شرکت کرنے سے محروم کر دیا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا کہ سعودی حکام نے ایرانی وفد میں شامل افراد کو ویزا جاری نہیں کیا۔
فارس خبررساں ایجنسی کے مطابق موسوی نے کہا کہ ”حکومت سعودی عرب نے تنظیم اسلامی تعاون کے ہیڈ کوارٹر پر ”صدی کے معاہدے“ منصوبہ پر مباحثہ کے لیے منعقد اجلاس میں ایرانی وفد کو شرکت نہیں کرنے دی۔
موسوی نے کہا کہ ایران نے او آئی سی سے شکایت کی اور سعودی عرب پر الزام لگایا کہ وہ تنظیم کے ہیڈکوارٹر کا میزبان ہونے کے ناطے اپنی حیثیت کا غلط استعمال کر رہا ہے۔تاہم اس معاملہ پر سعودی حکام کی جانب سے کوئیتبصرہ نہیں کیاگیا۔
ایرانی حکام نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعہ کے تصفیہ کے لیے گذشتہ ہفتہ اعلان کیے گئے ٹرمپ کے منصوبے کی مذمت کی ۔
فلسطینی قیادت نے بھی ٹرمپ کے منصوبہ کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیاکہ منصوبہ اسرایل کے حق میں ہے اور فلسطینیوں کو ایک آزاد ریاست سے محروم کر دیا گیا ہے۔