ارریہ:(اے یوایس )بہار کے ارریہ مےں اےک دردناک واقعہ پےش آےا ہے جہاں پلاسی تھانے کے کوئیا گاوں کے چہٹ پور پنچایت کے ایک گھر میں آگ لگنے سے 6 بچوں کی جل کر موت ہوگئی ۔ دوسری جانب، بتایا گیا کہ بھوسا گھر میں اچانک آگ لگنے سے یہ بچے اس میں پھنس گئے۔ آگ کی لپٹوں میں گھرکر 6 بچوں کی موت ہوگئی۔
حادثہ کی اطلاع پر پہنچی پولیس نے بچوں کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔بھوسا گھر میں آگ لگنے کے بعد بچوں کو بچانے کے لئے آس پاس کے لوگ دوڑے، لیکن بچوں کو بچایا نہیں جاسکا۔ آتشزدگی کے حادثہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے موقع پر سینکڑوں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ بھیڑ میں شامل کچھ نوجوانوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی، لیکن آگ میں پھنسے بچوں کو جب تک وہ لوگ نکال پاتے، تب تک معصوموں نے دم توڑ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ بچے ایک جھونپڑی میں بھٹے بھون رہے تھے کہ چنگاریاں اڑنے لگیں اور پوال کے گھر نے آگ پکڑ لی ۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور فوراً فائر بریگیڈ کو بھی اطلاع دی گئی۔ پولیس نے بچوں کی لاش کو بھوسا گھر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے پاس کے اسپتال بھیجا ہے۔ دوسری جانب، کوئیا گاوں میں لوگ آتشزدگی کے حادثہ سے حیرت میں ہیں۔ آگ میں 6 معصوم بچوں کے جھلسنے سے گاوں میں ماتم کا ماحول ہے۔
بچوں کے اہل خانہ کا رو روکر برا حال ہوگیا ہے۔ آس پاس کے لوگ بچوں کے اہل خانہ کو تسلی دینے میں مصروف ہیں۔ان معصوم بچوں کی شناخت پانچ سالہ اشرف ولد محمد یونس، چھ سالہ چنی بنت منہاج، پانچ سالہ برکت علی ولد محمد فاروق،پانچ سالہ علی حسن ولد محمد متین ، پانچ سالہ خوشنیار بنت محمد تنویر اور چھ سالہ دلبر ولد محمد منظور کے طور پر کی گئی ہے۔
