Toshakhana reference against Nawaz: Court notices displayed at Jati Umra, Model Townتصویر سوشل میڈیا

لاہور: سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جاتی امراءاور ماڈل ٹاؤن میں واقع دو رہائش گاہوں پر اسلام آباد کی احتساب عدالت کا ایک نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے جس میں نواز شریف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ توشہ خانہ ریفرنس میں17اگست کو اس کے روبرو حاضر ہوں۔

نوٹس کے مطابق”نواز شریف نے قومی احتساب آرڈی ننس 1999کی شق9کے تحت تعزیری جرم کا ارتکاب کیا اور ایک وارنٹ گرفتاری جاری کیا تھا جسے واپس کر دیا گیا ۔لہٰذا اعلان کیا جاتا ہے کہ ملزم پایا نہیں جا سکا اور مجھے یہ فیصلہ کرنے میں کوئی تامل نہیں ہے کہ ملزم فرار ہے ۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اس معاملہ میں گذشتہ ماہ نواز شریف کے غیر ضمانتی گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے۔

نواز ، پاکستان پیپلز پارٹی شریک چیرمین آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی توشہ خانہ سے لکژری گاڑیاں اور تحائف حاصل کرنے کے ملزم ہیں۔احتساب بیورو کے ریفرنس میں الزام لگایا گیا ہے کہ مسٹر زرداری اور مسٹر شریف نے توشہ خانہ سے کاروں کی15فیصد قیمت ادا کر کے کاریں لی تھیں۔بیورو نے مزید کہا کہ اس معاملہ میں مسٹر زرداری اور مسٹر نواز شریف کی مسٹر گیلانی نے مدد کی تھی۔

عدالت نے خارجہ دفتر کو ہدایت کی کہ لندن میں واقع پاکستان ہائی کمیشن کے توسط سے مسٹر شریف کو ورانٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جائے۔ بیورو کے خصوصی استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ مسٹر شریف یو کے میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہیں ۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت یو کے کے اخبارات میں نوٹس کی اشاعت کے لیے ہدایت جاری کرے۔

واضح ہو کہ نواز شریف گذشتہ نومبر سے بغرض علاج لندن میں مقیم ہیں ۔وہ چودھری شوگر ملز کیس اور العزیزیہ ریفرنس میں ،جس میں انہیں سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے،عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد بیرون ملک چلے گئے تھے۔عدالت نے انہیں بیرون ملک علاج کرانے کے لیے چار ہفتہ کی اجازت دی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *