نئی دہلی(اردو رتہذیب اسپورٹس ڈیسک): انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں 9فروری کو رونما ہونے والے تین واقعات سنہرے الفاظ میں لکھے جائیںگے۔
یہ وہ یادگار تاریخ اوردن ہے جب کرکٹ تو بین الاقوامی سطح کی ہو رہی تھی جس میں پانچ براعظموں ایشیا، آسٹریلیا، یورپ، افریقہ اور لاطینی امریکہ کی ٹیمیں کھیل رہی تھیں لیکن کارنامے انجام دینے والی ٹیمیں اور جن کے خلاف کارنامہ انجام دیا گیا براعظم ایشیا کی تھیں ۔
سب سے پہلے راولپنڈی میں نسیم شاہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کا کم عمر ترین بولر ہونے کا اعزاز پا کر کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہی تھا کہ جنوبی افریقہ کے شہر پوٹشیفسٹروم میں بنگلہ دیش نے آئی سی سی انڈر19-ورلڈ کپ جیت کر پہلی بار کرکٹ کا کوئی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزازحاصل کیا۔
اور تیسرا واقعہ ہندوستان کے افتتاحی بلے باز یشیسوی جیسوال نے انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں 5ہاف سنچریاں بنا نے والے دنیا کے تیسرے اور ہندوستان کے دوسرے بلے باز ہونے کا اعزاز حاصل کر کے ہندوستان کا نام ایک بار پھر ریکارڈ بک میں تازہ کر دیا۔
اس سے قبل انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں پانچ ہاف سنچریاں بنانے والے کلب میں دوسرے ہندوستانی بلے باز سرفراز خان تھے جنہوںنے یہ کارنامہ 2016میں انجام دیا تھا۔بنگلہ دیش کے خلاف جیسوال کی88رنز کی اننگز رواں ٹورنامنٹ میں لگاتار چوتھی ہاف سنچری(57,62,105,88) تھی۔88رنز کی اننگز میں جیسوال نے 8چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔
جیسوال کو 10چھکے لگا کر حال ہی میں اختتام پذیر ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا بھی اعزازحاصل ہے۔