سڈنی: آسٹریلیائی سلیکٹروں نے اعصابی تکان دور کرنے کے لیے کرکٹ سے دور رہنے کے بعد اپنے دستیاب ہونے کا اعلان کرنے کے باوجود گلین میکس ویل کو ون ڈے میچوں کی سریز کھیلنے کے لیے ہندوستان کا دورہ کرنے والی ٹیم میں شامل نہیں کیا۔
سلیکٹروں نے ان کی جگہ ٹسٹ کرکٹ میں غیرمعمولی فارم کا مظاہرہ کرنے والے مارنوس لبوس چاگنے کوشامل کیا ہے۔میکس ویل کے علاوہ ورلڈ کپ کھیلنے والے عثمان خواجہ، شان مارش اور مارکوس اسٹوینس کو بھی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ علاوہ ازیں تجربہ کار اور ٹسٹ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آف اسپنر ناتھن لیون کو بھی ڈراپ کر دیا گیا۔
جبکہ جوش ہیزل ووڈ، سین ایبٹ، آشٹن ٹرنر اور آشٹن آگار کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔ میکس ویل کو اس لیے ڈراپ کیا گیا ہے کیوںکہ انہوں نے ورلڈ کپ میں 22.12کی اوسط سے صرف 177رنز بنائے تھے۔ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلستان کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد سے آسٹریلیا کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا ہے۔
لیون کی جگہ لیفٹ آرم اسپنر آشٹن آگار کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور لیگ بریک گگلی بولر ایڈم زمپا مل کر اسپن شعبہ کو مضبوط کریں گے۔
ٹیم اس طرح ہے:آرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، مارنوس لبوس چاگنے، اسٹیو اسمتھ، آشٹن ٹرنر، پیٹ ہینڈز کومب، الیکس کیری (وکٹ کیپر) سین ایبٹ، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک،ایڈم زمپا، آشٹن آگار، کین رچرڈسن۔