اسلام آباد: سال 2019میں محض ایک ٹی ٹونٹی میچ ہی جیت پانے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مردوں کی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان پہلی پوزیشن پر برقرار ہے۔2019کیلنڈر سال میں پاکستان نے دس ٹونٹی ٹونٹی میچز کھیلے ہیں اور صرف ایک میچ جیتا ہے وہ بھی جنوبی افریقہ کے خلاف اس سریز میں جو وہ پہلے ہی ہار چکا تھا۔پاکستان کے270پوائنٹس ہیں اوراب وہ دوسری پوزیشن پر موجود آسٹریلیا سے صرف ایک پوائنٹ ہی آگے ہے۔
انگلستان کے265،جنوبی افریقہ کے 262اور ہندوستان کے 260پوائنٹس ہیں۔اس سے قبل پاکستان 2017میں بھی اس وقت کے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں پہی پوزیشن پر فائز رہ چکا ہے۔ اور اس کے بعد سے 2018کے اختتام تک دنیا کی کامیاب ترین ٹیموں میں سے ایک رہا۔البتہ 2019میں اس کی فتوحات کا گراف ایک دم ہی نیچے گر گیا۔ بلے بازوںکی رینکنگ میں بھی پاکستان کو اول پوزیشن حاصل ہے۔
اس کے موجودہ کپتان بابر اعظم اول پوزیشن پر ہیں اور فی الحال انہیں کسی کھلاڑی سے کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ ان کے 879پوائنٹس ہیں دوسری پوزیشن پر موجود آسٹریلیا کے آرون فنچ 810پوائنٹس کے ساتھ ان سے میلوں دور ہیں۔
ہندوستان کے دو بلے باز لوکیش راہل اور وراٹ کوہلی بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔ راہل 760پوائنٹس کے ساتھ چگٹے اور کوہلی683پوائنٹس کے ساتھ9ویں پوزیشن پر ہیں۔جبکہ افغانستان کے حضرت اللہ 692پوائنٹس کے ساتھ 8ویں پوزیشن پر ہیں۔وہ ٹاپ ٹین میں شامل چوتھے ایشیائی بلے باز ہیں۔بولروںکی رینکنگ میں بھی ایشیا کا بول بالا ہے۔
ٹاپ ٹین بولروں میں ایشیا کے چار بولرز شامل ہیں ۔اور پہلی پوزیشن کا اعزاز بھی ایشیا کو ہی حاصل ہے۔ افغانستان کے کپتان اور لیگ اسپن سنسنی راشد خان 749پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔ افغان بولر مجیب الرحمٰن 742پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں۔جبکہ پاکستان کے عماد وسیم 681پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور شاداب خان 657پوائنٹس کے ساتھ8ویںپوزیشن پر ہیں۔آل راؤنڈروں کی رینکنگ میں بھی ایشیا کا بول بالا ہے۔
اگرچہ اس زمرے میں کسی پاکستانی یا ہندوستانی آل راؤنڈر کو جگہ نہیں مل سکی ہے لیکن اس کے باوجود ایشیا کے پانچ کھلاڑی ٹاپ ٹین میںشامل ہیں اور یہاں بھی پہلی پوزیشن پر ایشیا کا ہی قبضہ ہے ۔ افغانستان کے محمد نبی319پوائنٹس کے اپنے قریب ترین حریف آسٹریلیا کے گلین میکس ویل سے اس قدر آگے ہیںکہ راشد خان کی طرح ان کی پوزیشن کو بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔
کیونکہ میکسویل کے 231پوائنٹس ہیں۔ٹاپ ٹین آ ل راؤنڈروں میں دوسرے ایشیائی کھلاڑی بنگلہ دیش کے محمود اللہ ہیں۔ ان کے 153پوائنٹس ہیں۔ جبکہ متحدہ عرب امارات کے روہن مصطفےٰ 156پوائنٹس کے ساتھ 5ویں ،عمان کے ذیشان مقصود151پوائنٹ لے کر 8ویں اور عمان کے ہی خاور علی135پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔