Shan Masood 156 sets stage before Pakistan seamers tear things upتصویر سوشل میڈیا

اولڈ ٹریفورڈ : تقریباً8گھنٹے کی صبر آزما اننگز میں319گیندوں کا سامنا کرکے156رنز بنا کر افتتاحی بلے باز شان مسعود نے نہ صرف اپنے کیریر کی اب تک کی بہترین اننگز کھیلی بلکہ پاکستان کو پہلی اننگز میں326رنز کا اسکور دے کر اپنے ساتھ بولروں کو انگلستان کو دباؤ میں لینے کا موقع بھی دیا۔ انگلستان نے جواب میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک 92رنز بنا ئے لیکن اس اسکور تک پہنچتے پہنچتے وہ اپنے چار چوٹی کے بلے باز وں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا۔

انگلستان کی اننگز کی تباہی کا آغاز پہلے اوور کی چوتھی گیند سے ہی اس وقت ہو گیا جب شاہین شاہ آفریدی نے روری برنز کوان کے انفرادی اسکور4پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور بھی4ہی تھا۔ اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس پر مشتمل فاسٹ بولنگ جوڑی کے دوسرے گیند باز عباس نے لگاتار اووروں میں ڈوم سیبلی اور خطرناک بلے باز بین اسٹوکس کو پویلین کی راہ دکھا کر رہی سہی کسر پوری کردی۔

سبلی نے 8گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے8رنز بنائے جبکہ اسٹوکس کھاتہ تک نہ کھول سکے ۔کپتان جو روٹ نے اولی پوپ کے ساتھ مل کر اننگز سنبھالنے کی کوشش کی اور چوتھے وکٹ کے لیے ہاف سنچری رفاقت کر کے وہ کامیاب ہوتے نظر بھی آرہے تھے کہ بولنگ اٹیک میں شامل کر لیے جانے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے اپنے تیسرے اوور کی پانچویں گیند پر روٹ کو وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آو¿ٹ کراکے پویلین جانے والے روٹ پر ڈال دیا۔ روٹ کے آؤٹ ہونے سے انگلستان سخت پریشانیوں سے دوچار ہو گیا۔ لیکن پوپ کا ساتھ دینے آئے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر نے پاکستان کے فاسٹ و اسپن کے ملے جلے اٹیک کا بہت محتاط انداز سے سامنا کرتے ہوئے دن کا کھیل ختم ہونے تک جدا ہوئے بغیر اسکور میں30رنز کا اضافہ کر کے مجموعی اسکور92تک پہنچا دیا۔

کھیل ختم ہوا تو اس وقت پوپ 67گیندوں پر چھ چوکوں کے ساتھ46اور بٹلر 27گیندوں پر 15رنز ، جس میں ان کے دو چوکے شامل تھے، کریز پر ڈٹے ہوئے تھے۔اس سے قبل پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور326میں شان مسعود کے 18چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ 156رنز کے علاوہ شاداب خان کی76گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے45رنز کی اننگز نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ اتنے بڑے اسکور میں بھی پاکستان کے 7بلے باز ڈبل فیگر میں نہ پہنچ سکے۔ انگلستان کی طرف سے اسٹورٹ براڈ اور جوفری آچر نے تینتین وکٹ لیے جبکہ ووکس کو دو اور اینڈرسن و بیس کو ایک ایک وکٹ ملی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *